سرفراز بھی فواد کی قومی ٹیم میں شمولیت کیلئے پرامید
قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ڈومیسٹک کرکٹ میں مستقل عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے فواد عالم کی قومی ٹیم میں شمولیت کی امید ظاہر کرتے ہوئے توقع کی کہ وہ قومی ٹیم میں شمولیت پر بھی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کریں۔
کراچی کے مقامی ہوٹل میں منعقدہ تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے سرفراز احمد نے کہا کہ سلیکٹرز اور کوچز نے فواد کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی طلب کیا ہے، امید ہے کہ فواد کو جلد قومی ٹیم میں شامل کیا جائے گا اور ڈومیسٹک کرکٹ کی طرح عالمی سطح پر بھی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ سلیکشن کمیٹی مجھے بھرپور سپورٹ کرتی ہے، کھلاڑیوں کے انتخاب میں میری رائے لی جاتی ہے اور سب کی مشاورت سے ٹیم کا انتخاب کیا جاتا ہے اور جس کھلاڑی کی بھی ضرورت ہو، سلیکٹرز کوشش کرتے ہیں کہ ٹیم کی ضرورت کے مطابق اسے منتخب کریں۔ سرفراز نے کہا کہ سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں ہمیں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنا چاہیے تھا لیکن مصباح الحق اور یونس خان جیسے دو سینئرز کی کمی کی وجہ سے ہمیں بیٹنگ میں مسائل کا سامنا کرنا پڑا اور ہم ٹیسٹ میچز میں توقعات کے مطابق کارکردگی نہ دکھا سکے۔
کپتان نے کہا کہ مصباح اور یونس کی کمی پوری ہونے میں وقت لگے گا، ابھی دورہ انگلینڈ میں پانچ ماہ کا وقت ہے اور امید ہے کہ سلیکٹرز دومیسٹک سطح پر عمدہ کارکردگی دکھانے والے لڑکوں کی کارکردگی کا جائزہ لے کر ایک بہترین اسکواڈ تشکیل دیں گے اور جلد ہی ہم ون ڈے اور ٹی20 کی طرح ٹیسٹ کی بھی مجبوط ٹیم تشکیل دینے میں کامیاب رہیں گے۔
نیشنل ٹی20 میں کراچی کی ٹیم کی مایوس کن کارکردگی کے حوالے سے سوال پر قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ بہترین کارکردگی دکھانے والے کراچی کے کھلاڑیوں کا انتخاب کیا گیا لیکن بدقسمتی سے ہم اچھی کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکے، بیٹنگ کیلئے سازگار وکٹوں پر ہمارے خلاف بہت زیادہ رنز اسکور ہو جاتے تھے جس کی وجہ سے ہمیں میچ میں واپسی میں مشکل پیش آتی رہی لیکن ٹیم کی ناکامی اور خراب کارکردگی کے ہم سب ذمے دار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انڈر19 ایشیا کپ میں قومی ٹیم کی کارکردگی تسلی بخش تھی، قومی ٹیم فائنل تک پہنچنے میں کامیاب رہی البتہ دو میچوں میں ٹیم کا 65 رنز پر آؤٹ ہونا تشویش ناک ہے لیکن امید ہے کہ انڈر19 ورلڈ کپ میں قومی ٹیم اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔
سرفراز نے کہا کہ کامران اکمل کی اچھی کارکردگی کی وجہ سے ان پر کوئی دباؤ نہیں، نہ ہی مجھے پہلے خدشات تھے اور نہ ہی اب کسی قسم کے خدشات ہیں کیونکہ ہی پاکستان کی ٹیم ہے اور جو بھی اچھا کھیلے گا، وہ قومی ٹیم میں جگہ پانے کا حقدار ہے۔
انہوں نے کہا کہ کامران اکمل کا پرفارم کرنا اچھی بات ہے، اگر ان کی جگہ بنے گی تو وہ ضرور پاکستان ٹیم میں کھیلیں گے اور جو بھی کھلاڑی کارکردگی دکھائے گا، اسے ضرور قومی ٹیم میں صلاحیتوں کے اظہار کا موقع فراہم کیا جائے گا۔ کراچی میں پاکستان سپر لیگ کے میچز کے انعقاد پر کپتان نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لاہور کی طرح کراچی میں کرکٹ کی واپسی خوش آئند ہے اور امید ظاہر کی کہ پی ایس ایل فائنل کی میزبانی کراچی کو دی جائے گی۔
The post سرفراز بھی فواد کی قومی ٹیم میں شمولیت کیلئے پرامید appeared first on Urdu Khabrain.
from Urdu Khabrain http://ift.tt/2iiMP0s
via Urdu Khabrain
Comments
Post a Comment