قابلِ فخر مسیحا…ڈاکٹر، میجر فرحان اللہ

قابلِ فخر مسیحا...ڈاکٹر، میجر فرحان اللہ

ہمارے بابا نے گزشتہ برس بہاول پور میں گردے کا آپریشن کروایا، جو ڈاکٹر کی بے توجّہی سے بگڑ گیا اور زخم میں پیپ بھر گئی۔ عجیب صُورت حال ہوگئی کہ کوئی دوا اثر کرتی، نہ ہی درد کم ہوتا۔ وہ عرصہ ہم پر گویا قیامت بن کر گزرا۔ ایک دن میں چار، چار ڈاکٹرز سے رابطہ کرتے اور سب ہی بے بسی سے ہاتھ اُٹھا دیتے۔ ایک دن جب بابا کی طبیعت زیادہ بگڑ گئی، تو ہم اُنھیں انتہائی مایوسی کی حالت میں سی ایم ایچ، لورالائی لے گئے۔ وہاں فرشتہ صفت ڈاکٹر، میجر فرحان اللہ (سرجن اسپیشلسٹ) سے مدد کی درخواست کی، تو اُنھوں نے ہمیں اس قدر خُوب صُورت الفاط میں تسلّی دی کہ آدھا مرض تو باتوں ہی سے ختم ہوگیا۔

اُن کی دِل نشیں باتوں سے نہ صرف یہ کہ بابا کو حوصلہ ملا، بلکہ ہم لوگ بھی، جو رو رو کر ہلکان ہو رہے تھے، مطمئن ہوگئے۔ ڈاکٹر صاحب نے تقریباً ایک ہفتے تک زخم کو کُھلا رکھا اور نہایت مؤثر طریقے سے اُس پر مرہم رکھتے رہے۔ اس دَوران ہم نے دیکھا کہ وہ مریضوں سے انتہائی خوش اخلاقی سے پیش آتے اور نادار مریضوں کی مالی مدد بھی کرتے۔ اتوار کے دن عملے کی چھٹی تھی، تو ہم پریشان تھے کہ بابا کو انجیکشن کون لگائے گا، لیکن یہ دیکھ کر حیران رہ گئے کہ ڈاکٹر صاحب خود تشریف لائے، مزاج پُرسی کی اور انجیکشن لگا کر واپس چلے گئے۔

ڈاکٹر، میجر فرحان اللہ کا شمار یقیناً اُن مسیحائوں میں ہوتا ہے، جن کی وجہ سے مسیحائی کے پیشے سے اِک عقیدت سی ہو جاتی ہے۔ شاید ہی دنیا کی کسی ڈکشنری میں ایسے الفاظ ہوں کہ جن کی مدد سے ڈاکٹر صاحب کو خراجِ تحسین پیش کرسکوں۔ وہ بلاشبہ اپنے پیشے سے بے حد انصاف کرتے ہیں۔ اتنی خراب صُورتِ حال سے دوچار میرے بابا کا بچ جانا اُسی مہارت کا نتیجہ ہے، جو اللہ تعالیٰ نے اُنھیں عطا کی ہے اور جسے وہ دیانت داری اور ذمّے داری سے بروئے کار لاتے ہیں۔ ہم سب گھر والے صبح و شام اُن کے لیے دُعائیں کرتے ہیں۔ بلاشبہ ایسے اَن مول مسیحا اللہ تعالیٰ کا انعام ہیں، ان کی قدر کی جانی چاہیے۔

The post قابلِ فخر مسیحا…ڈاکٹر، میجر فرحان اللہ appeared first on Urdu Khabrain.



from Urdu Khabrain https://ift.tt/2IDbRyq
via Urdu Khabrain

Comments

Popular posts from this blog

انگلینڈ کے کسی بھی دور کے 11 بہترین ٹیسٹ کرکٹرز

فلپائنی لڑکی اپنے پیٹ پر چپکے دو اضافی بازوؤں سے پریشان