امریکہ: حکومتی شٹ ڈاؤن کے خاتمے کے لیے ڈیموکریٹس سرگرم
واشنگٹن — خبروں میں بتایا گیا ہے کہ امریکی پارلیمنٹ کے ڈیموکریٹس نے حکومتی شٹ ڈاؤن ختم کرنے، اور صدر ٹرمپ اور کانگریس کو میکسیکو سرحد پر دیوار کی تعمیر سے متعلق ایک معاہدے پر بات چیت کے لیے مزید وقت دینے کا ایک منصوبہ تیار کیا ہے۔ امریکی اخبار یو ایس اے ٹو ڈے نے ایک سینیر ڈیموکریٹ کے حوالے سے کہا ہے کہ اس منصوبے میں ہوم لینڈ سیکیورٹی کے سوا دیگر تمام محکموں کے لیے، جو شٹ ڈاؤن کے باعث بند ہیں، سال بھر کے لیے فنڈز فراہم کرنا شامل ہے۔ سینیر ڈیموکریٹ نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ اس منصوبے میں ہوم لینڈ سیکیورٹی کے لیے 8 فروری تک کی فنڈنگ کا وعدہ کیا گیا ہے۔ محکمہ ہوم لینڈ سیکیورٹی کی فنڈنگ وائٹ ہاؤس اور کانگریس کے ڈیموکریٹ ارکان کے درمیان مرکزی حیثیت اختیار کر چکی ہے۔ صدر ٹرمپ میکسیکو سرحد پر دیوار کی تعمیر کے لیے 5ارب ڈالر کا مطالبہ کر رہے ہیں، جب کہ ڈیموکریٹ اسے ایک ایسا منصوبہ قرار دیتے ہیں جو وقت اور فنڈز کا زیاں ہے، لیکن وہ اپنے والدین کے ساتھ غیر قانونی طور پر امریکہ میں داخل ہونے والے نوجوان امیگرنیٹس کو قانونی حیثیت دلوانا چاہتے ہیں۔ تاہم یہ واضح نہیں ہے ک...